آئی سی سی نے سیاسی مداخلت پر زمبابوے کرکٹ کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ زمبابوے کرکٹ کی معطلی کے بعد ٹیم کے سابق کپتان برینڈن ٹیلر نے افسوس اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ برینڈن ٹیلر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں آئی سی سی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کرکٹ کو معطل کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے۔
برینڈن ٹیلر نے اعتراف کیا کہ زمبابوے کرکٹ میں گورننس بری رہی ہے مگر ساتھ ہی طنز کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کیا زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین ممبر پارلیمنٹ ہیں؟
سابق کپتان نے کہا کہ بھارتی بورڈ طاقتور ترین بورڈ ہے مگر یہ میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ اس معاملے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور آسٹریلیا کرکٹ بورڈ آئی سی سی چیئرمین پر دباؤ کیوں نہیں ڈال سکتے۔
آخر میں انھوں نے درخواست کی کہ زمبابوے کرکٹ کی مدد کی جائے اور انھیں نظر انداز نہ کیا جائے۔