کچھ عرصہ قبل سابق ساؤتھ افریقی بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز کا حیران کن بیان سامنے آیا جس میں انھوں نے آئی پی ایل کو ورلڈکپ سے بہتر ٹورنامنٹ قرار دیا تھا۔ اس بیان کے بعد اے بی ڈویلیئرز پر خوب تنقید ہوئی۔ اب کیوی بیٹسمین روس ٹیلر بھی آئی پی ایل کے گُن گانے لگے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں روس ٹیلر نے کہا کہ انڈین پریمیر لیگ میں کھیلنے سے نیوزی لینڈ کی کرکٹ اور کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا کیونکہ آئی پی ایل میں بڑے کھلاڑی کھیلتے ہیں جس سے سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں بھی کئی مرتبہ مختلف آئی پی ایل ٹیموں کا حصہ رہا اور اس سے مجھے بھی خاصی مدد ملی۔ روس ٹیلر نے مزید کہا کہ آئی پی ایل میں دنیا کے بہترین کرکٹرز کھیلتے ہیں اور کیوی پلیئرز کو آئندہ بھی اس ایونٹ میں شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا چاہیئے۔