آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے چار سال مکمل ہو گئے ہیں اور اس موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ان کی طویل فارمیٹ میں 10 بہترین سینچریوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پہلے نمبر پر بھارت کیخلاف بنائے گئے 128 رنز شامل ہیں جو انھوں نے 2014 میں ایڈیلیڈ کے میدان پر بنائے تھے۔ مائیکل کلارک نے 2011 میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں 151 اور 2014 میں اسی میدان پر *161 رنز اسکور کیے جو ان کی بہترین سینچریوں کی فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 2012 میں سابق کپتان نے سڈنی میں بھارت کے خلاف *329 رنز بنائے جس کو اس فہرست میں چوتھا نمبر ملا۔ بھارت کے خلاف بنگلور میں اسکور کیے گئے 151 رنز ان کے ٹیسٹ کیریئر کی پانچویں بہترین سینچری قرار پائی۔ 2012 میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف 230 رنز والی اننگز اس فہرست میں چھٹے اور 2009 میں انگلینڈ کے خلاف 136 رنز والی اننگز ساتویں نمبر کی حقدار ٹھہری۔ مائیکل کلارک نے 2010 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 168، 2013 میں بھارت کے خلاف 130 اور 2012 میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف *259 رنز اسکور کیے، بہترین سینچریوں کی فہرست میں ان تینوں اننگز کو بالترتیب آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر رکھا گیا۔