سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ساڑھے تین روز تک برابری کی بنیاد پر چلتا رہا مگر ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ریکارڈ ساز اوپننگ پارٹنرشپ نے بازی پلٹ دی۔ گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 268 رنز کا مشکل ہدف دیا تو سری لنکن اوپنرز دیموتھ کرونارتنے اور لہیرو تھرمانے نے ٹیم کو 161 رنز کا آغاز فراہم کیا اور جیت کی بنیاد رکھ دی۔ یہ سری لنکا کی جانب سے چوتھی اننگز میں سب سے بڑی اوپننگ شراکت ثابت ہوئی۔ کرونارتنے نے 122 اور لہیرو تھرمانے نے 64 رنز بنائے جس وجہ سے سری لنکا نے 6 وکٹوں سے فتح اپنے نام کر لی۔ یہ ٹیسٹ میچ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ تھا اور سری لنکا کو جیت کے بعد 60 اہم پوائنٹس مل گئے۔ دو میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 22 اگست سے کولمبو میں شروع ہو گا۔ سری لنکن ٹیم یہ میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی تو ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اس کے 120 پوائنٹس ہو جائیں گے۔