پاکستان کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں تو منوا لیا ہے مگر اب انھوں نے اپنا اگلا ہدف ٹیسٹ کرکٹ بنایا ہوا ہے۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں اپنے ون ڈے کیریئر کو بہت انجوائے کر رہا ہوں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اب بھی بہتری کی گنجائش باقی ہے۔
انھوں نے ایک ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار پرفارمنس دینا چاہتا ہوں اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پرجوش ہوں۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ میں سمرسیٹ کی جانب سے کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کے لیے بےچین ہوں اور مجھے امید ہے کہ میں اچھا پرفارم کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کر سکوں گا۔ بابر اعظم نے اب تک 21 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جس میں انھوں نے ایک سینچری اور 11 نصف سینچریوں کی بدولت 1,235 رنز بنا رکھے ہیں۔