پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر میدان کے اندر ہوتے تھے تو وہ اپنی برق رفتار بولنگ سے بیٹسمینوں کو پریشان کرتے تھے اور میدان سے باہر ان کے تندوتیز جملے بھی کسی باؤنسر سے کم نہیں ہوتے۔ شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں فیلڈ پر جیسا غصے والا تھا، میدان سے باہر ویسا بالکل نہیں تھا۔ شعیب اختر نے اعتراف کیا کہ میں صرف ایک بار لڑا ہوں اور میں نے محمد آصف کو ٹھیک ٹھاک مارا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے آصف کو ایک بلا مارا تھا لیکن دو مارنے چاہیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہی میری ایک لڑائی تھی جو بہت مشہور ہو گئی۔ راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ شاہد آفریدی کو تنگ کرنے کے لیے ثقلین مشتاق بہت برا ہنستے تھے جس وجہ سے مجھے غصہ چڑھتا تھا۔ شعیب اختر نے مزید کہا کہ ثقلین مشتاق کا ہنسنا اور رونا بہت مشہور تھا۔