انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایشیز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنے والے انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے اپنے تیز باؤنسرز سے اسٹیو اسمتھ کو کافی پریشان کیا لیکن ان کا باؤنسر ان کی گردن پر لگا جس وجہ سے انھیں میدان سے باہر جانا پڑا۔
اسٹیو اسمتھ کو جب گردن پر گیند لگی تو جوفرا آرچر ان کی خیریب دریافت کرنے کے بجائے واپس بولنگ اینڈ پر چلے گئے جس پر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ان پر شدید تنقید کی۔ شعیب اختر نے کہا کہ اگر باؤنسر بیٹسمین کو لگے تو بولر کو چاہیے کہ وہ بیٹسمین کے پاس جائے۔
انھوں نے کہا یہ مناظر بالکل بھی اچھے نہیں تھے کہ اسمتھ شدید درد میں تھے اور جوفرا آرچر ان سے دور چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میرا باؤنسر بیٹسمینوں کو لگتا تھا تو میں ہمیشہ ان کی طرف دوڑ کر جاتا تھا۔
شعیب اختر کی اس ٹویٹ کے جواب میں سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ نے کہا کہ ہاں جی آپ بالکل ایسا ہی کرتے تھے لیکن آپ کہتے تھے کہ امید ہے تم خیریت سے ہو گے کیونکہ ابھی مزید باؤنسرز آئیں گے۔