Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

گزشتہ روز اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہیڈکوارٹر لاہور گئے جہاں انھوں نے بورڈ حکام سے ملاقات کی جس کے بعد دونوں فریقین کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ شرجیل خان نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر پی سی بی، کھلاڑیوں، فیملی اور مداحوں سے غیرمشروط معافی مانگی جس کو قبول کر لیا گیا۔
انھوں نے اپنے بیان میں تمام کرکٹرز کو تلقین کی کہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ پر سختی سے عمل کریں، اس کی خلاف ورزی کرنے سے تھوڑے عرصے کے لیے فائدہ تو مل جائے گا لیکن اس کے نتائج آپ کے پورے کیریئر پر اثرانداز ہوں گے۔
شرجیل خان نے کہا کہ میں نے پچھلے ڈھائی سال سے کرکٹ نہیں کھیلی جس وجہ سے میری فٹنس ایسی نہیں ہے کہ میں فوراََ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلوں اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے کلب کرکٹ کھیلوں گا جس کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کی طرف جاؤں گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں شرجیل خان کی واپسی کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا کیونکہ اب وہ پی سی بی کے بحالی پروگرام سے گزریں گے جس کے بعد کلب کرکٹ اور پھر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے جہاں انھیں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔