اسپن بولنگ آل راؤنڈر راہقیم کارن وال کو پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے ہو گا جس میں راہقیم کارن وال اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر سکتے ہیں۔ راہقیم کارن وال نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ میری مستقل مزاجی کی وجہ سے طویل فارمیٹ میرے لیے سب سے زیادہ مناسب ہے۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے میدان پر محنت کر رہے ہیں، مجھے لگتا ہے میں مزید آگے بڑھ سکتا ہوں اور فیلڈ پر میں نے جو نتائج حاصل کیے ہیں اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ میں ترقی کر رہا ہوں۔ راہقیم کارن وال 2014 سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں جہاں انھوں نے 55 میچوں میں 2,224 رنز اسکور کیے ہیں اور 260 وکٹیں حاصل کیں۔ راہقیم کارن وال نے بھارت کی اے ٹیم کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد انھیں ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ ملی۔