بھارتی کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر سری سانتھ کی پابندی میں کمی کر دی ہے جو اب اگست 2020 میں ختم ہو گی۔ سری سانتھ پر 2013 میں آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی۔ ان کے ساتھ اجیت چنڈیلا اور انکیت چون بھی پابندی کی زد میں آئے تھے۔ بی سی سی آئی کے آفیشل ڈی کے جین کے مطابق سری سانتھ کی پابندی تاحیات سے سات سال کر دی گئی ہے جس کے تحت وہ ایک سال بعد کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔ سری سانتھ نے اپنی پابندی کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس نے فیصلہ سناتے ہوئے بھارتی بورڈ کو سزا پر دوبارہ نظر ثانی کا کہا تھا۔ چھتیس سالہ سری سانتھ نے 27 ٹیسٹ، 53 ون ڈے اور دس ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔