قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں مگر انٹرنیشل کرکٹ سے پابندی ختم ہونے کے باوجود انھیں قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ قومی ٹیم میں سلیکشن میرٹ پر نہیں کی جا رہی ہے، اگر میرٹ پر سلیکشن ہو تو ٹیم میں میری جگہ بنتی ہے۔ اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ موجودہ ٹیم میں جو اوپنرز موجود ہیں انھوں نے پرفارم کیا ہے مگر ڈومیسٹک میں میرے اعدادوشمار دیکھے جائیں تو موجودہ اوپنرز کے ہوتے ہوئے بھی میں قومی ٹیم میں شامل ہونے کا حقدار ہوں۔ انھوں نے کہا ایسا کبھی نہیں ہوا کہ انگلینڈ میں ورلڈکپ ہو اور آپ دو اوپنرز کے ساتھ چلے جائیں۔ ان کا کہان تھا کہ گزشتہ دو برسوں سے ٹیم مسلسل ٹیسٹ میچز ہار رہی ہے مگر ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی اور مسلسل انہی کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں جو کہ درست نہیں۔ سلمان بٹ نے مزید کہا کہ امید ہے آنے والی نئی سلیکشن کمیٹی ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والوں کو بھی موقع دے گی۔