ٹیسٹ کرکٹ میں خراب پرفارمنس اور کم میچز کے باعث پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ گرتی ہی چلی جا رہی ہے اور اب پاکستان کی ساتویں پوزیشن کو بھی خطرہ ہے۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کی ساتویں پوزیشن بھی داؤ پر لگی ہو گی۔ اگر کیریبین ٹیم نے یہ سیریز 0-1 سے اپنے نام کی تو اس کے 82 سے 88 پوائنٹس ہو جائیں گے۔ پاکستان ٹیم 84 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پرموجود ہے اور ویسٹ انڈیز کی جیت کی صورت میں ساتویں پوزیشن بھی ہاتھ سے نکل جائے گی۔ کوہلی الیون کے سیریز میں کلین سوئپ کی صورت میں ویسٹ انڈیز کے پوائنٹس 80 رہ جائیں گے۔ سیریز میں شکست کی صورت میں بھارت بھی ٹاپ پوزیشن سے محروم ہو سکتا ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ساؤتھ افریقہ 108 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔