بھارتی کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر سری سانتھ کی تاحیات پابندی کا خاتمہ کر دیا ہے اور اب ان کی پابندی اگلے سال اگست میں ختم ہو جائے گی۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں فکسنگ کے باعث سری سانتھ پر تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی جس کے خلاف انھوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکم دیا تھا کہ سری سانتھ کی سزا پر نظرثانی کی جائے جس کے بعد ان کی تاحیات پابندی ختم کر دی گئی۔ سری سانتھ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پابندی ختم ہوتے ہی کرکٹ کا آغاز کر دوں گا کیونکہ میری کرکٹ ابھی باقی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں اگلے پانچ سال تک کرکٹ نہیں چھوڑوں گا، میں ابھی بھی پہلے کی طرح خوبصورت آؤٹ سوئنگ اور ان سوئنگ بولنگ کر سکتا ہوں جبکہ میں بیٹنگ بھی بہت اچھی کر رہا ہوں۔ سری سانتھ نے بھارت کی طرف سے آخری میچ 2011 میں کھیلا تھا۔