ویرات کوہلی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں رنز کے انبار لگا رہے ہیں مگر حیران کن طور پر وہ اب بھی اپنے اور دیگر بیٹسمینوں کے معیار سے مطمئن نہیں ہیں۔ ویسٹ انڈیز میں ایک تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ تنزلی کی جانب گامزن ہے اور بیٹسمینوں کو اپنا لیول بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ویرات کوہلی نے واضح کیا کہ وہ کسی انفرادی بیٹسمین نہیں بلکہ تمام بیٹسمینوں کی بات کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا لوگ کہہ رہے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ ختم ہو رہی ہے مگر میرے تجربے کے مطابق گزشتہ کئی عرصے میں ٹیسٹ کرکٹ میں مقابلے کی فضا بڑھ گئی ہے۔ ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ کی بہت اہمیت ہے، ہمیں انگلینڈ میں ناقص بیٹنگ کی وجہ سے شکست ہوئی جبکہ آسٹریلیا میں بیٹسمینوں کی اچھی پرفارمنس پر ہی ہمیں جیت ملی تھی۔