فاسٹ بولر محمد حسنین کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں آزما کر ورلڈکپ کے اسکواڈ میں بھی منتخب کیا گیا مگر حیران کن طور پر وہ ورلڈکپ میں ایک بھی میچ نہ کھیل سکے۔ گزشتہ دنوں پری سیزن کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کا اعلان ہوا تو اس میں بھی محمد حسینین شامل نہیں تھے جس پر شائقین نے حیرانگی کا اظہار کیا۔ انھیں کیمپ میں شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد حسنین ابتدائی طور پر کیمپ میں شامل تھے مگر کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) میں معاہدے کی وجہ سے انھیں بعد میں ریلیز کر دیا گیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ محمد حسنین پلان میں شامل ہیں۔ محمد حسنین کیریبین پریمیر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائڈرز کی نمائندگی کریں گے اور یہ ان کی پہلی غیرملکی لیگ ہو گی۔