بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ کرنے والے سری سانتھ کی تاحیات پابندی ختم کر دی ہے۔ وہ 2020 میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے اہل ہو جائیں گے۔ بی سی سی آئی کے اس فیصلے کے بعد سری سانتھ کا کہنا ہے کہ وہ ویرات کوہلی کی قیادت میں ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورندر سہواگ نے کہا کہ اگلے سال سری سانتھ 37 سال کے ہو جائیں گے، انھیں سیدھے بھارتی ٹیم میں جگہ نہیں مل جائے گی بلکہ ان کو پہلے ڈومیسٹک میں پرفارم کرنا ہو گا۔ سہواگ سے محمد عامر کے بارے سوال ہوا کہ وہ پانچ سال کی پابندی کے بعد جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آ گئے تھے تو سری سانتھ کیوں نہیں آ سکتے؟ ورندر سہواگ نے طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان ہے، وہاں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔