انگلیںڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ایشیز ٹیسٹ ہیڈنگلے میں جاری ہے جہاں پہلے روز بارش کی وجہ سے صرف 52.1 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔ انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا۔ جوفرا آرچر کی بولنگ کے سامنے آسٹریلوی ٹیم بھیگی بلی نظر آئی اور کھلاڑی وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 179 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی جبکہ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مارنس لبوشانے 74 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جن کو اسٹیو اسمتھ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ ڈیوڈ وارنر 61 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ جوفرا آرچر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور اپنے خلاف صرف 45 رنز بننے دیئے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر جوفرا آرچر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر لکھا کہ آج کا دن بہت خاص تھا لیکن لڑکوں نے اسے مزید بہتر بنا دیا۔