راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لیں۔ محمد عامر کی جانب سے کرکٹ کے طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے پر کرکٹ ماہرین اور شائقین کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے جس پر شعیب اختر نے کہا کہ لوگوں کے تحفظات بالکل ٹھیک ہیں۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ محمد عامر کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیئے اور پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔ انھوں نے کہا کہ آپ اپنے ملک کے لیے کیا کرتے ہیں یہ زیادہ اہمیت رکھتا ہے، کاؤنٹی کرکٹ میں آپ کی پرفارمنس کوئی بھی یاد نہیں رکھے گا۔ محمد عامر نے حال ہی میں اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ ایسیکس کی جانب سے کھیلا جس میں انھوں نے مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ان کی ٹیم کو اس میچ میں کامیابی ملی۔