بھارت کو کرکٹ کے علاوہ مختلف کھیلوں کی میزبانی دی جانے کے باعث اب پڑوسی ملک میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیل بھی پروان چڑھ رہے ہیں جس پر سابق بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر بھی خوش ہیں۔ سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ بھارتی قوم اب کھیلوں سے پیار کرنے والی قوم سے کھیل کھیلنے والی قوم بن رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار لٹل ماسٹر نے ایک میراتھون ریس کی تقریب کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس سے لوگوں میں مزید دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ میرے سامنے ایسی بہت سی مثالیں ہیں اور میں دیکھتا ہوں کہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ انتہائی مثبت بات ہے۔