دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر لانس کلوزنر ساؤتھ افریقہ کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہو گئے ہیں۔ ساؤتھ افریقہ کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلنی ہے جس میں لانس کلوزنر ساؤتھ افریقہ کے بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔
لانس کلوزنر کو فرنچائز اور انٹرنیشنل لیول پر پہلے بھی کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے آل راؤنڈر کا تقرر کیا ہے۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے لانس کلوزنر کے ساتھ ونسنٹ برنس کو بولنگ کوچ اور جسٹن اونٹونگ کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے قائم مقام ڈائریکٹر کوری وین زیل کے مطابق تینوں کوچز کی صلاحتیوں کو دیکھتے ہوئے انھیں کوچنگ اسٹاف میں شامل کیا ہے۔ ساؤتھ افریقی ٹیم 15 ستمبر سے 23 اکتوبر تک بھارت میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔