ایک روز قبل سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کہا تھا کہ وہ اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ پاکستان میں جا کر دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیل سکیں لیکن وہاں ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جا سکتی ہے۔
اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کرکٹ سے رابطہ کر کے ٹیسٹ سیریز کو دسمبر میں منتقل کر دیا جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سری لنکا کو پاکستان آنے کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کر لی۔
دونوں بورڈز نے تھوڑے وقت میں مشاورت کر کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول بھی جاری کر دیا۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی دوبارہ واپسی پر پاکستانی شائقین کرکٹ خوشی سے جھوم اٹھے اور کامران اکمل بھی پرجوش نظر آئے۔
انھوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ بہت شاندار! ملک میں کرکٹ واپس آ رہی ہے۔ کامران اکمل نے کہا کہ وہ سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں جو اپنی ٹیم کو پاکستان بھیج رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کھلے دل سے آپ کا استقبال کریں گے۔