ایشیز سیریز میں مشکلات کا شکار انگلش بیٹنگ لائن سنبھلنے کا نام نہیں لے رہی۔ تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے اپنی اننگز شروع کی تو ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنرز اور جوئے روٹ کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جوئے ڈینلی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے پانچ اور پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ 71 سال میں انگلینڈ کی جانب سے ایشیز سیریز کا کم ترین اسکور ہے۔ لیڈز کے گراؤنڈ پر یہ ایشیز سیریز کا سب سے کم اسکور ثابت ہوا۔ انگلینڈ کا اپنی سرزمین پر بھی یہ چوتھا کم ترین اسکور تھا۔ انگلینڈ کی اس بدترین بیٹنگ پرفارمنس کے باعث آسٹریلیا کی تیسرے ٹیسٹ میں پوزیشن مضبوط ہو گئی ہے۔