ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا سے فتح چھین لی اور پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پوری انگلش ٹیم 67 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی۔ پہلی اننگز میں ناکام ہونے کے بعد انگلینڈ پر شکست کے بادل منڈلانے لگے تھے مگر روٹ الیون نے 359 رنز کا ہدف حاصل کر کے سب کو حیران کر ڈالا۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم نے 1888 کے بعد پہلی مرتبہ تاریخ بھی دہرا دی۔ 131 سال پہلے بھی انگلینڈ کی ٹیم 70 سے کم کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئی تھی مگر دوسری اننگز میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے روایتی حریف آسٹریلیا کو شکست دے دی تھی۔ یاد رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین چوتھا ایشز ٹیسٹ چار ستمبر سے مانچسٹر میں شروع ہو گا۔