بھارتی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف کامیابی کے بعد ویرات کوہلی نے بحثیت کپتان کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ ویرات کوہلی نے بطور کپتان بھارت سے باہر کھیلتے ہوئے 12ویں ٹیسٹ کامیابی حاصل کی اور سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کے علاوہ بحیثیت کپتان یہ ویرات کوہلی کی ایشیاء سے باہر ٹیسٹ کرکٹ میں 7ویں کامیابی تھی اور اس میں بھی انھوں نے سورو گنگولی کا ریکارڈ توڑا۔ سورو گنگولی کی کپتانی میں بھارتی ٹیم نے ایشیاء سے باہر 6 ٹیسٹ میچوں میں فتح سمیٹی تھی۔ ایشیائی کپتانوں میں ہوم گراؤنڈ سے باہر سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کا اعزاز مصباح الحق کو حاصل ہے۔ مصباح نے یو اے ای سے باہر کھیلتے ہوئے بحیثیت کپتان 13 کامیابیاں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ ایشیاء سے باہر سب سے زیادہ 8 ٹیسٹ میچ جیتنے کا ریکارڈ بھی مصباح الحق کے پاس ہے۔