قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کے لیے سابق کپتان مصباح الحق نے باضاطہ طور پر درخواست جمع کرا دی ہے۔ ہیڈکوچ کی دوڑ میں شامل ہونے کے بعد مصباح الحق کرکٹ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے مستعفیٰ ہو گئے۔ سابق کپتان نے کمیٹی رکن کی حیثیت سے استعفیٰ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کو پیش کیا۔
مصباح الحق نے کہا کہ قومی کرکٹ کے ہیڈکوچ کے لیے درخواست تو جمع کرا دی ہے مگر درخواست جمع کرانے سے قبل میرا نام گردش کرنا دلچسپ امر تھا۔ ذرائع کے مطابق کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق ہیڈکوچ کی پوزیشن کیلئے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔
مصباح الحق کو کوچنگ کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی سونپی جا سکتی ہیں۔ پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کی تعیناتی کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کر لے گا۔ نئے ہیڈکوچ کی پہلا اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہو گی۔