پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش تھی کہ راشد لطیف کو نئے سیٹ اپ میں موقع دیا جائے مگر سابق کپتان چیف سلیکٹر کا عہدہ لینے کے لیے تیار نہیں ہو رہے۔ ذرائع کے مطابق راشد لطیف نے چیف سلیکٹر بننے سے معذرت کر لی ہے۔ راشد لطیف کے انکار کے بعد پی سی بی اس منصوبے پر غور کر رہا ہے کہ ڈومیسٹک ٹیموں کے کوچز قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کو اپنی، اپنی ٹیم کے حوالے سے رپورٹ دیں گے جس کے بعد قومی اسکواڈ منتخب کیا جائے گا۔ گزشتہ کئی روز سے راشد لطیف پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں موجود ہیں اور صوبائی ٹیموں کی سلیکشن پر قائم آزادانہ ماہرین کی ٹیم میں مصباح الحق اور ندیم خان کے ساتھ مسلسل میٹنگ کر رہے ہیں تاہم پی سی بی حکام راشد لطیف کو چیف سلیکٹر بننے کے لیے قائل کرنے میں ناکام رہے۔ راشد لطیف پہلے بھی کئی مرتبہ پی سی بی کی جانب سے عہدے ٹھکرا چکے ہیں اور ان کا موقف رہا ہے کہ کام اپنے طریقے سے کریں گے ورنہ عہدہ قبول نہیں۔