مصباح الحق کی کپتانی کے عرصے میں پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ مشکلات کا شکار تھی لیکن اب ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ میں بہتری آ رہی ہے جس کی بڑی وجہ ٹیم میں شامل باصلاحیت نوجوان بیٹسمین بابر اعظم ہیں جنہوں نے دنیائے کرکٹ کے افق پر ابھرتے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
بابر اعظم رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں پہلے نمبر براجمان ہیں۔ انھوں نے 27 میچوں 47.72 کی اوسط سے 1,193 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس فہرست میں اے بی ڈویلیئز دوسرے اور شین واٹسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
کئی مرتبہ بابر اعظم کا موازنہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے کیا جاتا رہا ہے لیکن بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی کوہلی کے مداح ہیں، میرا ان سے موازنہ نہیں بنتا کیونکہ وہ کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں جبکہ میرے کیریئر کا ابھی آغاز ہے۔