ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں اسٹیو اسمتھ جوفرا آرچر کی گیند گردن پر لگنے سے انجری کا شکار ہو گئے تھے جس وجہ سے وہ تیسرا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ اسٹیو اسمتھ تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں اور چوتھے ٹسیٹ میں ان کی واپسی کے امکانات روشن ہیں۔ اسٹیو اسمتھ پہلے سے کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں اس لیے آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ انھیں ڈربی شائر کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کھلایا جائے گا۔ ٹور میچ جمعرات سے شروع ہو گا۔ آسٹریلوی کوچ نے کہا کہ اسمتھ ان دنوں اضافی ٹریننگ کر رہے ہیں، پوری امید ہے وہ ڈربی شائر کے خلاف میچ کھیل کر اعتماد بحال کر لیں گے اور چوتھے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ چار ستمبر سے شروع ہو گا۔ پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔