قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین شان مسعود نے اب تک 15 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی ہے جس میں انھوں نے 26.4 کی اوسط سے 793 رنز بنائے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی معمولی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ مجھے اب تک قومی ٹیم میں مسلسل موقع نہیں مل سکا ہے۔ اوپننگ بیٹسمین نے کہا اب تک میرے چھہ سالہ کیریئر میں، میں نے صرف 15 ٹیسٹ میچز ہی کھیلے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب مسلسل ٹیم میں موقع نہ ملے تو پرفارم کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک مسلسل موقع نہ ملے تو کھلاڑی کی کارکردگی پر انگلی اٹھانا درست نہیں، اگر 40-30 میچز کھیلنے کے بعد بھی کوئی کھلاڑی کارکردگی پیش نہ کر سکے تو تنقید کا جواز بنتا ہے۔ شان مسعود نے کپتانی کے حوالے سے کہا کہ میڈیا کی خبریں ہیں، بورڈ کی جانب سے اب تک کوئی اشارہ نہیں ملا۔