انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پنڈلی کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس وجہ سے پہلے ٹیسٹ میچ میں چار اوورز کے بعد بولنگ ہی نہیں کر سکے جبکہ اگلے دو ٹیسٹ میچوں میں انھیں پلئینگ الیون کا حصہ ہی نہیں بنایا گیا۔ فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن انجری سے صحتیاب ہو چکے ہیں اور انھوں نے اپنی فٹنس کا جائزہ لینے کیلئے چار روزہ میچ میں حصہ بھی لیا اور ڈرہم کیخلاف انھوں نے بغیر کسی تکلیف کے میچ میں 20 اوورز کرائے۔ تفصیلات کے مطابق جیمز اینڈرسن نے 20 اوورز میں 38 رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ اس سے قبل جیمز اینڈرسن نے لنکاشائر سیکنڈ الیون کی نمائندگی بھی کی تھی اور وہاں انھوں نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اگر جیمز اینڈرسن اپنی فٹنس کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کو اعتماد میں لینے میں کامیاب ہوتے ہیں تو انھیں چوتھے میچ میں ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔