کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں مارٹن گپٹل وہ بدقسمت کھلاڑی تھے جنھوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے آخری گیند کھیلی مگر دو رنز مکمل نہ کر سکے۔ اپنے ایک انٹرویو میں مارٹن گپٹل نے کہا کہ کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل ان کی زندگی کا بہترین اور بدترین دن تھا۔ انھوں نے کہا کہ اب ایونٹ کو ایک ماہ سے زائد گزر چکا ہے اس لیے اسے بھول کر اب آگے دیکھ رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہے اور میں نے ذاتی طور پر ہمیشہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو انجوائے کیا ہے۔ مارٹن گپٹل نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈکپ آسٹریلیا میں ہو رہا ہے اس لیے کنڈیشن زیادہ مختلف نہیں ہوں گی، خود کو میگا ایونٹ کے لیے تیار کر رہا ہوں۔ مارٹن گپٹل سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کیوی ٹیم کا حصہ ہیں۔