قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ انگلینڈ میں جاری ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں مڈل سیکس ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ محمد حفیظ نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں جس میں انھوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے دو میچوں میں 82 رنز اسکور کیے ہیں اور ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ پاکستانی آل راؤنڈر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ یہاں پر کھیلنا دوسری لیگز سے تھوڑا مختلف ہے کیونکہ کہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ایک ٹیم میں زیادہ غیرملکی کھلاڑی نہیں ہوتے ہیں، عموماً ایک سے دو ہی غیرملکی کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں کھیل کر بہت انجوائے کر رہا ہوں، ہر کرکٹر اس کا حصہ بننا چاہتا ہے اور اس ٹورنامنٹ کی پرفارمنس کسی بھی کھلاڑی کیلئے بہت اہمیت رکھتی ہے۔