پاکستان ٹیم کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے مصباح الحق کو فوری طور پر ہیڈکوچ بنانے کے ممکنہ فیصلہ کی مخالفت کر دی۔ اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ مصباح الحق ایک بہترین کھلاڑی اور زبردست ضابطہ اخلاق کے مالک ہیں، انھوں نے ملک کی ایمانداری کے ساتھ خدمت کی۔ انھوں نے کہا کہ مصباح الحق کو اس وقت ہیڈکوچ بنانا تھوڑا جلد بازی کا فیصلہ ہو گا، مصباح الحق کو پہلے ایک-دو سال کوچنگ کی فیلڈ میں گزارنے چاہیئں اور اس کے بعد انھیں ہیڈکوچ بنانا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگانا چاہیئے اور مستقبل کے لیے نوجوان کھلاڑی تیار کرنے کا کام سونپنا چاہیئے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق ہیڈکوچ کیلئے انٹرویو دے چکے ہیں اور انھیں ہی اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔