سری لنکا کرکٹ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا کے مطابق ابھی تک کسی کھلاڑی نے پاکستان جانے پر تحفظات ظاہر نہیں کیے۔ انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد 30 رکنی ابتدائی ٹیم کا اعلان کریں گے اور انھیں دورہ پاکستان پر بریفنگ دیں گے جس کے بعد حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری طرف لیگ کرکٹ ایک مرتبہ پھر قومی ذمے داریوں پر بھاری پڑ گئی۔ مقامی ویب سائٹ کے مطابق تھیسارا پریرا پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔ تھیسارا پریرا کیریبین پریمیر لیگ کھیلنے کی وجہ سے دورہ پاکستان کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
کیریبین پریمیر لیگ چار ستمبر سے شروع ہو کر 12 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور دو اکتوبر کو کراچی میں ہوں گے جبکہ اس کے بعد لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔