Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈومیسٹک کرکٹرز پر مہربانیاں جاری ہیں۔ پی سی بی ڈومیسٹک سیزن 20-2019 پر ایک ارب روپے سے زائد خرچ کرے گا۔ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ٹورنامنٹس کی انعامی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر کھلاڑیوں کا معیار زندگی بہتر کرے گا، کھلاڑیوں کو طویل عرصے تک ان کے جائز حق سے محروم رکھنا افسوسناک تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم 233 فیصد اضافے کے بعد ایک کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ پاکستان کپ کی انعامی رقم میں 150 اور قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی انعامی میں سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد فاتح ٹیم پچاس لاکھ روپے وصول کرے گی۔ قائد اعظم ٹرافی کی میچ فیس 50 سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دی گئی۔ پاکستان ون ڈے کپ اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میچ فیس بھی چالیس ہزار روپے کر دی گئی۔
نان فرسٹ کلاس میچز کی میچ فیس 8 سے بڑھا کر 30 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔ کھلاڑی ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ سے چھ لاکھ روپے تنخواہ بھی وصول کریں گے اور سالانہ تقریباََ بیس لاکھ روپے آمدنی ہو گی۔ ڈومیسٹک سیزن کے دوران کھلاڑی تھری اور فور اسٹار ہوٹل میں رہائش اختیار کریں گے اور بین الصوبائی سفر کے لیے کھلاڑی ہوائی جہاز کا استعمال کریں گے۔ ڈومیسٹک انڈر-19 کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔