ورلڈکپ کے اختتام کے ساتھ ہی مکی آرتھر کا معاہدہ بھی ختم ہو گیا تھا مگر میگا ایونٹ کے بعد خبریں سامنے آئیں کہ مکی آرتھر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 تک توسیع مل جائے گی لیکن کچھ غلط فیصلے ان کو لے ڈوبے۔ ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے ارکان کو بتایا کہ قومی ٹیم کے کوچ جانتے تھے کہ ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل بعض کھلاڑی فٹ نہیں ہیں اس کے باوجود وہ انھیں انگلینڈ لے کر گئے اور یہ معاہدے میں توسیع نہ کرنے کی ایک وجہ تھی۔ جمعہ کے روز لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد سمیت بعض کرکٹرز کی فٹنس کا معیار اچھا نہ تھا اسی لیے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی۔