سری لنکن بولرز نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا تعلق سری لنکا سے ہی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں لستھ ملنگا نے شاہد آفریدی کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ لستھ ملنگا 99 وکٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
لستھ ملنگا کے ریکارڈ کے ساتھ ہی تینوں فارمیٹس پر سری لنکن بولرز کی حکمرانی قائم ہو گئی۔ مرلی دھرن نے ٹیسٹ فارمیٹ میں 800 اور ون ڈے کرکٹ میں 534 وکٹیں حاصل کیں جو کہ دونوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب ریکارڈ توڑنے پر بوم بوم آفریدی نے بھی لستھ ملنگا کو مبارکباد دی ہے۔ شاہد آفریدی نے 100 وکٹیں مکمل کرنے کے قریب موجود لستھ ملنگا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔