بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر ایشانت شرما نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ایشانت شرما نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک اور دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے نتیجے میں وہ سابق کپتان کپل دیو کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوئے۔ ایشانت شرما ٹیسٹ کرکٹ میں ایشیاء سے باہر بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بن گئے ہیں۔ انھوں نے ایشیاء سے باہر 45 ٹیسٹ میچوں میں 158 شکار کیے ہیں جبکہ کپل دیو نے 45 ٹیسٹ میچوں میں 155 وکٹیں اپنے نام کی ہوئی تھیں۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے ایشیاء سے باہر کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ انیل کمبلے کو حاصل ہے۔ انھوں نے 50 ٹیسٹ میچوں میں ایشیاء سے باہر 200 وکٹیں حاصل کیں۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ایشیاء سے باہر ایشانت شرما کی کارکردگی زبردست رہی ہے۔ وہ 23 ٹیسٹ میچوں میں 88 وکٹ اپنے نام کر چکے ہیں۔