مصباح الحق کو ہیڈکوچ اور وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کرنے سے پہلے ہی یہ باتیں کی گئیں کہ سینیئر وقار یونس جونیئر مصباح الحق کے ماتحت کیسے کام کریں گے مگر اب مصباح الحق نے تمام کنفیوژن دور کر دی۔ اپنی پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے کہا کہ وقار یونس سے کوچز کی تقرری سے پہلے اس بارے میں بات چیت ہو چکی ہے، ہم دونوں ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور امید ہے ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ وقار یونس کے ساتھ قومی ٹیم اور پاکستان سپر لیگ میں کام کر چکا ہوں، وہ ایک انتہائی پروفیشنل انسان ہیں اور کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتے، ہم دونوں کا بھی یہی عزم ہے کہ ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے بلکہ ٹیم کی بہتری کے لیے جو ہو گا وہی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس بولنگ کوچ کے لیے بہترین چوائس تھے اور ہیں۔