سری لنکا کرکٹ نے دورہ پاکستان پر کھلاڑیوں کے خدشات دور کرنے کیلئے 9 ستمبر کو 30 کے قریب پلیئرز کو طلب کیا ہے۔ کھلاڑیوں کو بورڈ کے صدر شمی سلوا اور روشین گوناتھلاکا پی سی بی کی جانب سے مرتب کیے گئے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دیں گے۔ سری لنکا کرکٹ نے کیریبین پریمیر لیگ سمیت مختلف غیرملکی ایونٹس کھیلنے کے خواہاں کچھ پلیئرز کے این او سی روک لیے ہیں۔ بورڈ کے اہم ذرائع نے تصدیق کی کہ لستھ ملنگا، نروشن ڈیکویلا اور تھشارا پریرا سی پی ایل میں سینٹ لوشیا زوکس جبکہ اسورو اڈانا سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے۔ انھوں نے 4 ستمبر سے 12 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ کیلئے این او سی مانگا تھا مگر ابھی تک بورڈ کی جانب سے ابھی تک این او سی جاری نہیں کیا گیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کراچی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔