پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے عہدہ سنبھالتے ہی جارحانہ کرکٹ کی حکمت عملی اپنانے کا عزم ظاہر کر دیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق نے کہا کہ دفاعی اور جارحانہ کرکٹ سے متعلق ہمارے ہاں تھوڑی الجھن ہے، جو بھی حکمت عملی ہوتی ہے وہ وسائل پر انحصار کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں بطور کوچ یہ کوشش کروں گا کہ ہم ایسی جارحانہ کرکٹ کھیلیں کہ آرام سے میچ جیت جائیں لیکن کھیل کے دوران آپ اپنی ٹیم اور مدمقابل ٹیم کی طاقت کو دیکھ کر حکمت عملی بناتے ہیں۔ چیف سیلکٹر کی ذمہ داریوں پر ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے تاہم جب اختیار آتا ہے تو وہ آپ کا امتحان ہوتا ہے جسے ایمانداری سے پورا کرنا ہوتا ہے لیکن یہ آسان نہیں ہے۔ مصباح الحق نے مزید کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ میں پوری ایمانداری اور طاقت سے اپنا کردار ادا کروں۔