نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز جاری ہے اور کیوی ٹیم نے ابتدائی دو میچوں میں کامیابی حاصل کر کے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کھلاڑیوں کی انجری کا بہت بڑا مسئلہ رہا ہے۔ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن انجری کے سبب ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے تھے اور نیوزی لینڈ نے ان کے متبادل کھلاڑی کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں روس ٹیلر بھی انجری کا شکار ہوئے جبکہ اسی میچ میں اوپننگ بیٹسمین مارٹن گپٹل بھی انجرڈ ہو گئے تھے۔ مارٹن گپٹل فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہوئے اور پھر بیٹنگ بھی نہیں کر سکے تھے۔ وہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔ یہی نہیں دوسرے میچ میں ٹوم بروس جنہوں نے نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا وہ گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔