قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کے دفاع میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف سامنے آ گئے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں راشد لطیف نے کہا کہ پرانے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے وقار یونس کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، ہمیں ان کو اس مرتبہ پورا موقع دینا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ وقار یونس اس مرتبہ اچھے نتائج دیں گے۔
راشد لطیف نے کہا کہ میری لاہور میں ان سے ملاقات ہوئی، انہوں نے اپنے آپ کو کافی تبدیل کر لیا ہے اور حال ہی میں "مین مینجمنٹ" کا کورس بھی کیا ہے۔ راشد لطیف ڈومیسٹک ٹیموں کو منتخب کرنے والے پینل میں بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری محنت اور ایمانداری کے ساتھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غلطی ہو سکتی ہے مگر حقدار کھلاڑی کو جان بوجھ کر باہر نہیں کیا گیا۔ چیف سلیکٹر کا عہدہ قبول نہ کرنے کے سوال پر راشد لطیف نے کہا کہ وہ نئی پیکنگ میں "انتخاب عالم" نہیں بننا چاہتے تھے۔