گزشتہ سال ہونے والے بال ٹیمپرنگ تنازع کے بعد اسٹیو اسمتھ کو ایک سال کی سزا دینے والی کمیٹی کے رکن سابق آسٹریلوی کپتان مارک ٹیلر کا کہنا ہے کہ اسٹیو اسمتھ دوبارہ کپتان بنیں گے۔ مارک ٹیلر نے اپنے ایک کالم میں لکھا کہ جس طرح اسمتھ ذمہ داری کے ساتھ شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں، امید ہے کہ وہ دوبارہ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان بن جائیں گے۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ پر اسٹیو اسمتھ کو ایک سال کی پابندی کے ساتھ ایک برس کپتانی نہ دینے کی سزا دی گئی تھی۔ مارک ٹیلر کا کہنا ہے کہ اسٹیو اسمتھ نے بہت سخت سبق سیکھا ہے، وہ یکم اپریل سے کپتانی کے اہل ہوں گے۔ سابق کپتان نے کہا کہ انہیں فوری طور پر کپتان نہیں بنانا چاہیے لیکن جب ٹم پین کی کپتانی ختم ہو جائے تو اسمتھ کو ہی ذمہ داری دی جائے کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسمتھ اب پہلے سے بہتر کپتان ہوں گے۔