پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک ٹرائی اینگولر ویمن ون ڈے کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 17 سے 26 ستمبر تک لاہور جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔
پی سی بی نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا انٹرنیشنل شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ قومی ٹیم کو آئندہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان اے ویمن ٹیم آئندہ ماہ سری لنکا میں ایمرجنگ کپ میں شرکت کرے گی۔
قومی ویمن کرکٹرز کو دو بڑے ممالک بھارت اور انگلینڈ سے آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے میچز کھیلنے ہیں۔ 2020 میں ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد آسٹریلیا میں ہونا ہے جس میں قومی ویمن ٹیم بھی حصہ لے گی۔
اس ورلڈکپ سے پہلے پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں ہی ویسٹ انڈیز سے تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلنے ہیں۔ اس کے علاوہ آئندہ سال جنوری میں ڈومیسٹک ٹرائی اینگولر ویمن ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ بھی شیڈول ہے۔