پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان تاحال نہیں ہو سکا لیکن اس سیریز میں کئی کھلاڑیوں کو آرام دینے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ اوپننگ بیٹسمین فخر زمان گھنٹے کی انجری سے صحتیاب تو ہو گئے ہیں لیکن ان کو سری لنکا کے خلاف سیریز میں آرام دینے کا امکان ہے۔ فخر زمان کی جگہ عابد علی کو مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ قومی ٹیم کے سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ کو بھی اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے اور ان کی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ شعیب ملک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور انہیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے زیرغور لائے جانے کا امکان نہیں۔ عمر اکمل کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت متوقع ہے۔