پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ہیڈکوچ مصباح الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ہوم سیریز کے لیے سرفراز احمد پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کپتان برقرار رکھا جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹاپ آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان سرفراز احمد ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا سرفراز احمد پر پورا یقین ہے کہ وہ ٹیم کو بہتر انداز میں لے کر چلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نائب کپتان بہت پہلے بنا دینا چاہیے تھا لیکِن اب جو فیصلہ لیا گیا ہے وہ ٹیم کیلئے مثبت ثابت ہو گا۔ قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے اس موقع پر سرفراز احمد اور نائب کپتان بابر اعظم کو مبارکباد بھی دی۔