وہاب ریاض نے جمعرات کو طویل فارمیٹ کی کرکٹ سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تو کیریبین پریمیر لیگ میں شرکت کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا گیا مگر فاسٹ بولر نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ لیگز ترجیح نہیں نہ پیسے کے لئے بھاگ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میری پہلی ترجیح ہے، مجھے اپنی باڈی کا ورک لوڈ بھی دیکھنا ہے اس لئے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہاب ریاض نے بتایا کہ سی پی ایل میں میرا کنٹریکٹ ہو گیا تھا اور بورڈ نے این او سی بھی جاری کر دیا تھا لیکن میں نے سری لنکا سیریز کے لیے سی پی ایل کو چھوڑا۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ سب کو اپنی باڈی کے بارے میں علم ہوتا ہے، شاید اس وقت میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے لیے تیار نہیں اس لیے فیملی اور دیگر لوگوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔