سعید اجمل کے جانے کے بعد سے پاکستان کو اچھا آف اسپنر نہیں مل سکا ہے اور اب لگتا یوں ہے جیسے یاسر شاہ کے جانے کے بعد بھی قومی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں اچھا لیگ اسپنر نہیں مل سکے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں اس وقت کوئی اس پائے کا بولر نظر نہیں آ رہا جو یاسر شاہ کا متبادل بن سکے۔ قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کے یاسر شاہ نے بھی اس تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاداب خان اور ابتسام کے علاوہ کوئی لیگ اسپنر نظر نہیں آ رہا، پی سی بی کو اس پر بھی کام کرنا چاہیے تاکہ مستقبل کے لیے اچھے اسپنرز مل سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں یاسر شاہ نے کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ کوچ کے ساتھ اسپن بولنگ کوچ بھی ہو تو اسپنرز کو اس سے بہت فائدہ ہو گا۔