پاکستان کے باکسر محمد وسیم نے چند دن پہلے فلپائن کے باکسر کو ہرا کر ایک اور کامیابی اپنے نام کی تھی۔ فائٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد جب وہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تو ان کا استقبال نہیں کیا گیا اور گھر جانے کے لیے انہیں ٹیکسی پر سوار ہونا پڑا۔
اس سارے معاملے پر میڈیا نے خوب واویلا مچایا جس کا جواب باکسر محمد وسیم نے عاجزی سے دیتے ہوئے کہا کہ وہ استقبال کے لیے فائٹ نہیں کرتے بلکہ پاکستان کے اعزاز اور فخر کے لیے باکسنگ کرتے ہیں۔
محمد وسیم کے اس ٹویٹ کے جواب میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ میں پوری قوم کی طرف سے اس رویے کی معافی مانگتا ہوں۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ہم ایسی قوم ہیں جس کو جگانے کے لیے منہ پر ایک مکا لگانا کی ضرورت ہے۔
سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آئندہ میں خود آپ کو ایئرپورٹ پر لینے آؤں گا۔ ساتھ ہی وسیم اکرم نے باکسر کو کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ محمد وسیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وسیم بھائی آپ نے کہہ دیا میرے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے، میں پاکستان سے کچھ نہیں مانگتا، میرے ملک کے حالات انشاء اللہ بہتر ہوں گے۔